بنگلورو17؍جون(ایس او نیوز) اسمبلی سے راجیہ سبھا کیلئے منعقدہ انتخابات کے موقع پر ووٹ کیلئے نوٹ کا مطالبہ کرنے کے الزامات کا سامنا کررہے جے ڈی ایس رکن اسمبلی ملیکارجن کھوبا کے خلاف ودھان سودھا پولیس تھانہ میں درج شکایت اور ایف آئی آر سے متعلق آج مرکزی الیکشن کمیشن کو رپورٹ پیش کی گئی ۔ انتخابات کے موقع پر پرائیویٹ نیوز چینلوں کے اسٹنگ آپریشن میں بتایا گیاتھا کہ ملیکارجن کھوبا نے ووٹ کیلئے نوٹ کا مطالبہ کیاتھا۔ جس پر مرکزی الیکشن کمیشن نے اس پورے معاملے کو سی بی آئی کے حوالے کرنے کے علاوہ کھوبا کے خلاف پولیس میں شکایت درج کرنے الیکشن افسر کو ہدایت دی تھی۔ جس کے پیش نظر راجیہ سبھا انتخابات کے الیکشن افسر کو اسمبلی سکریٹری ایس مورتی نے ودھان سودھا پولیس تھانہ میں شکایت درج کی تھی، جس کی بنیاد پر ایف آئی آر بھی درج ہوا ہے، جس کی نقل مرکزی الیکشن کمیشن کو روانہ کردی گئی ہے۔ اس کی بنیاد پر الیکشن کمیشن معاملے پر سی بی آئی کے ذریعہ تحقیقاتی افسر مقرر ہوگا۔ الیکشن کمیشن کی ہدایت کے مطابق الیکشن افسر مورتی تعاون کریں گے۔